انڈرس جونس اینگسٹرم
Anders Jonas Angstrom,
پیدائش: 13 اگست1814
وفات: 21 جون1874
اینگسٹرم نے اپسلا یونیورسٹی سے 1839ء میں گریجویشن کی اور ساری زندگی اسی یونیورسٹی میں طبیعیات اور فلکیات پڑھاتا رہا ۔ سب سے پہلے اس نے مشاہدہ کیا تھا کہ کوئی گیس جو برقی مقناطیسی موجیں جذب کرتی ہے ، گرم ہونے پر وہی خارج کرتی ہے۔ اسی کے نتائج کی بنیاد پر کرچوف (Kirchhoff) نے طیف پیمائی (Spectroscopy) وضع کی۔ 1861ء میں اس نے شمسی طیف کا مطالعہ کرتے ہوئے سورج میں ہائیڈروجن گیس موجود ہونے کا اعلان کیا ۔ اسی زمانے میں انگلینڈ میں ہگنز (Huggens) نے بھی اپنے طور پر یہی دریافت کی ۔ طیف پیمائی کے طریقے سے ہی اینگسٹرم نے سورج میں موجود دیگر عناصر کی نشاندہی بھی کی ۔
پیمائش کے حوالے سے اینگسٹرم اپنے معاصرین سے کہیں آگے تھا ۔ اس نے مختلف رنگوں کی پیمائش کے لیے ایک میٹر کے 10 بلین ویں (Ten billionth) حصے کے برابر اکائی استعمال کی۔ 1905ء میں اس اکائی کو با قاعدہ اینگسٹرم یونٹ کا نام دیا گیا۔ 1870ء میں اسے برطانوی رائل سوسائٹی کا رکن بنایا گیا اور 1872ء میں وہ رمفورڈ میڈل وصول کرنے والا سویڈن کا پہلا باشندہ بنا۔