ڈاکٹر احمد حسن زویل۔۔۔بابائے فیمٹو کیمسٹری
پیارے بچو! جب میچ میں امپائر صحیح فیصلہ نہیں کر سکتا تب وہ تھرڈ امپائر کی مدد لیتاہے۔ تھرڈا مپائر باربار یہ متنازعہ لمحہ سلوموشن میں دیکھتا ہے کیونکہ اصل رفتار پر آنکھ ٹھیک سے نہیں دیکھ پاتی۔ آج کل ایسے کیمرے موجود ہیں جو آرام سے ایک سیکنڈ کے سوویں (1/100) حصے یا ہزارویں (1/1000) حصے میں کیا ہوا ہے دیکھ سکتے ہیں۔ لیکن اگر ہم کھیل کی بجائے کیمیائی تعامل میں سالمے یا جوہر کی حرکات، سالمے یا جوہر نے کب کتنی حرارت خارج کی، سالمے یا جوہر نے کب کتنی حرارت جذب کی، کس طرح کیمیائی بانڈ بنتے اور کس طرح کیمیائی بانڈ ٹوٹتے ہیں، کیمیائی تعامل میں سالمے یا جوہر کس طرح عمل کرتے ہیں۔ اگر ہم ان تمام کا مطالعہ کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں ایسا کیمرہ درکار ہوگا جو ایک سیکنڈ میں ایک کھرب سے زائد تصاویر لے سکے۔
کون جانتا تھا اتنا تیز ترین کیمرہ ایک مسلم سائنسداں ایجا د کرے گا۔ جی ہاں! ڈاکٹر احمد حسن زویل نے ایک ایسا تیز ترین کیمرہ ایجاد کیا جس کی مدد سے ایک سیکنڈ کے ایک ہزار کھرب حصے کی تصویر بھی لے سکتے ہیں۔ انہوں نے وقت کے پیمانے (فیمٹو سیکنڈ) اور سالماتی تبدیلی (کیمسٹری) کے درمیان باہمی ملاپ سے کیمسٹری کی ایک نئی شاخ، فیمٹو کیمسٹری نامزد کی۔ فیمٹو کیمسٹری، طبعی کیمسٹری کی شاخ ہے جس میں کیمیائی عمل کا مطالعہ بہت کم پیمانہئ وقت تقریباً فیمٹو سیکنڈ(15-10 سیکنڈ یا
(1/1000000000000000 سیکنڈ) پر کیاجاتاہے۔ آج دنیا انہیں بابائے فیمٹو کیمسٹری کہتی ہے۔
ڈاکٹر احمد حسن زویل مصر میں26فروری 1946 کو پیدا ہوئے۔ اسکندریہ یونیورسٹی سے بی ایس سی اور ایم ایس سی کیا۔ امریکہ کی پنسلوانیا یونیورسٹی سے پی ایچ۔ ڈی۔ اور کیلیفورنیا یونیورسٹی، برکلے سے پوسٹ ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی۔1967 کو امریکہ کی قومیت حاصل کی۔ انہوں نے دس سال تک کیلیفورنیا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (Caltech) ، پاساڈینا میں بطور ڈائریکٹر خدمات انجام دئیے۔ پروفیسر احمد زویل نے اپنی تمام زندگی امریکہ میں صرف کی اور امریکی صدر براک اوبامہ کے مشیروں کی کونسل کے رکن بھی رہے۔ ان کو دنیا بھر سے 100 سے زائد بین الاقوامی انعامات ملے۔ جن میں نوبل پرائز اور شاہ فیصل بین الاقوامی انعامات شامل ہیں۔ 30سے زائد اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگریاں ملیں جس میں کیمبرج یونیورسٹی بھی شامل ہے۔ ڈاکٹراحمد زویل کو 1999 میں کیمسٹری کا نوبل پرائز دیا گیا کیوں کہ انہوں نے فیمٹو کیمسٹری میں دنیا کا تیز ترین کیمرہ ایجاد کیا۔ وہ پہلے مسلمان ہیں جنہیں کیمیا (کیمسٹری) کا نوبل پرائز ملا۔
ڈاکٹر احمد حسن زویل 2 اگست 2016 کو امریکہ میں 80 سا ل کی عمر میں انتقال کر گئے۔ یقین ہے کہ سائنسی طلبہ کے لئے ڈاکٹر احمد حسن زویل کی شخصیت مشعل راہ ثابت ہوگی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔